29 اپریل 2014 - 11:38
بہت سےملکوں کےلئے ایران کی پوزيشن اہم ہے ۔مرضیہ افخم

اسلامی جمہوریۂ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں کے سلسلے میں تہران کا نقطۂ نگاہ اور اسلامی جمہوریۂ ایران کی پوزیشن، دنیا کے بہت سے ملکوں کے لئے بہت زیادہ اہم ہے۔

ابنا: ایران  کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ مرضیہ افخم نے آج ملکی اور غیر ملکی نامہ نگاروں کے اجتماع میں، حالیہ دنوں میں مختلف ملکوں کے سفارتی وفود کی تہران میں میزبانی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خارجہ تعلقات ماضی سے زیادہ فعال اور مضبوط ہوئے ہیں اور سب کی نظر میں علاقے اور دنیا میں ایران کی پوزیشن کا انکار ہرگز ناممکن ہے۔ محترمہ افخم نے کہا کہ علاقے میں ایران کی سیاسی، اقتصادی اور جیؤ پولیٹیکل گنجائشیں، منفرد حیثیت رکھتی ہیں اور یہ تمام چیزیں اسلامی جمہوریۂ ایران کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لئے مختلف ملکوں کی دلچسپی پر منتج ہوئی ہيں۔ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے برطانوی وزارت خارجہ کے سیاسی ڈائرکٹر جنرل " سائیمن گس " کی گذشتہ روز، تہران آمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور لندن کے تعلقات میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور اس برطانوی عہدیدار کے دورۂ تہران میں دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلۂ خیال انجام پائےگا۔ محترمہ افخم نے گذشتہ دنوں میں جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے حکام کے دورۂ ایران کے بارے میں کہا کہ آئی اے ای اے کے درمیان  متعدد معاہدے انجام پائے ہیں اور ایران کے جوہری ادارے اور آئی اے ای اے کے درمیان صلاح ومشورے، باہمی سمجھوتوں کے دائرے میں انجام پارہے ہیں۔انہوں نے شام کے صدارتی انتخابات کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران نے ہمیشہ اعلان کیا ہے کہ وہ شام میں بحران کے حل کے لئے آمادہ ہے اور اس کی کوشش ہے کہ اس ملک میں جنگ بند ہوجائے اور شام کے تمام گروہوں کو ان جھڑپوں کی روک تھام کی کوشش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدارتی انتخابات کا اس ملک ميں بہت اہم کردار ہے اور اب وقت آن پہنچا ہے کہ ریفرنڈم کے انعقاد کے ذریعے امن و صلح کی راہ ہموار کی جائے۔

.......

/169